رام پور:اترپردیش میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) حکومت کے قدآور وزیر محمد اعظم خان نے آج مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تاجروں اور ٹھگوں کی حکومت ہے جو معصوم عوام کے جذبات سے کھیل کر اقتدار میں آئی ہے اور اب روزانہ انہیں ٹھگ رہی ہے ۔کوڑے کرکٹ سے بجلی بنانے کے پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر مسٹر خان نے یہاں کہاکہ رام پور جوہر یونیورسٹی کے احاطے میں ۲۲۰۰کروڑ کی لاگت سے دہلی سے بھی بڑا اور جدیدترین ایمس کی تعمیر ہوگی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) ملک کے مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے لیکن قوم کو اس سے خبردار رہنا پڑے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لئے بغیر کہا کہ دہلی میں ٹھگوں کی حکومت بیٹھی ہے ۔ عوام کو بادشاہ نے ٹھگا ہے ۔ غیرممالک میں جمع کالا دھن لا کر ہر ہندستانی کے کھاتے میں ۱۵۔۱۵ لاکھ روپئے ڈالنے کا وعدہ کرکے ووٹوں کی تجارت کی گئی ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ۲۰۱۷ کے اسمبلی الیکشن میں سماج وادی پارٹی کا پرچم ایک بار پھر لہرائے گا۔