جگدلپور:چھتیس گڑھ کو نکسلی تشدد سے آزاد کرانے کے لئے مرکزی حکومت نئی حکمت عملی پر عمل کرے گی ۔سمجھا جاتا ہے کہ ریاست میں ماوازوں کے خلاف جاری مہم کی سیدھی کمان اب قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے ) اجیت ڈوبھال کے ہاتھوں میں ہوگی ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے اسی ماہ چھتیس گڑھ سمیت مانوازوں سے متاثر دیگر ریاستوں کے سینئر افسران کی ایک بڑی میٹنگ طلب کئے جانے کی بھی اطلاع ہے ۔این ایس اے کے سربراہ مسٹر ڈوبھال نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف ) کے ڈائریکٹر جنرل پرکاش مشرا سمیت کئی دیگر اعلی افسروں کے ساتھ جمعرات کو سکما کا ہوائی دورہ کیا ہے ۔ قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔
پولیس کے اعلی سطحی ذرائع کے مطابق مرکز نے ماو نواز معاملے کے خصوصی مشیروں کے ذریعے تیار کردہ فارمولے کے تحت ریاست کے ماو نواز وں کے سرگرمی والے علاقوں میں خفیہ فورس کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس فورس کے درمیان تال میل قائم کرنے کے لئے خصوصی ٹیم کی بھی تشکیل کی گی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق مسٹرڈوبھال کے اس دورے کے بعد یہ قیا س آرائیاں کی جارہی ہیں کہ مرکزی حکومت ماو نوازوں کے خلاف چلنے والی مہم میں تیزی لائے گی۔ذرائع کے مطابق اسی ماہ وزارت داخلہ ماو نوازوں سے متاثر تمام ریاستوں کی ایک میٹنگ بھی طلب کرسکتی ہے جس میں این ایس اے بھی موجود رہیں گے ۔