لکھنؤ۔(نامہ نگار)مڑیاؤں علاقے میں رہنے والے ایک مزدور نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزدور نے گھریلو تنازعہ سے پریشان ہوکر خودکشی کی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سیتا پور کا رہنے والا ۴۰شیو ساگر اپنی بیوی پونم اور بیٹے سونو اور ایک بیٹی کے ساتھ مڑیاؤں داؤد نگر کے کیرائے کے مکان میں رہتا تھا۔ شیو ساگر مزدوری کرتا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ شراب پینے کا عادی تھا اور اکثر نشہ کی حالت میں گھر پر آکر ہنگامہ کیا کرتا تھا۔ اتوار کی رات کو وہ شراب پی کر گھر واپس آیا اور اپنی بیوی پونم سے جھگڑا کرنے کے بعد کمرہ میں چلا گیا جب صبح پونم نے دیکھا کہ کمرے میں چھت کے پنکھے سے شیو ساگر کی لاش ساڑی کے سہارے لٹک رہی تھی۔ یہ منظر دیکھ کر پونم نے شور مچادیا۔ شور سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے ۔اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی ،موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش شروع کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو تنازعہ کے سبب شیو ساگر نے خودکشی کی ہے۔