لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مڑیاؤں علاقہ میں مشتبہ حالات میں ایک مزدور کی زہر کھانے سے موت ہو گئی۔ اہل خانہ نے جب اس کی طبیعت کو بگڑتے ہوئے دیکھا تو اسے بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔
اس واقعہ کے بارے میں پولیس نے جب پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی لیکن کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ موصولہ خبر کے مطابق سیتاپور کے ریوسا کے باشندے شمشاد کا بیٹا نوشاد (۳۵) مڑیاؤں کے شیروانی نگر میں کرائے کے مکان میں رہتے ہوئے مزدوری کر رہا تھا۔ نوشاد نے یکم فروری کو تروینی نگر میں رہنے والے شہنازبانوسے نکاح کیا تھا۔ نکاح کے بعد شہناز بہت کم وقت تک اس کے ساتھ رہی ۔ دو دن قبل نوشاد شہناز کو رخصت کر کے گھر واپس پہنچا۔ ان دونوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔ بدھ کے روزنوشاد نے سلفاس کھا لیا۔ حالت خراب ہونے پر شہناز کے گھر والوں نے اسے بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ نوشاد کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شہناز سے جھگڑا ہونے کی وجہ سے نوشاد نے سلفاس کھاکر خود کشی کی ہے۔