لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کرشنا نگر علاقہ میں کل سے لاپتہ ایک مزدورکی لاش ببول کے درخت پر چادر کے سہارے لٹکتی ہوئی ملی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزدور نے پھانسی لگاکر خود کشی کی ہے۔ سی او کرشنا نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ کرشنا نگر کے کنوری ریلوے لائن کے نزدیک آج صبح ببول کے درخت میں چادر کے سہارے ایک لاش لٹکتی ہوئی ملی۔ لاش کی اطلاع پارہ کے باشندے راج پال یادو نے پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے آس پاس کے لوگوں کی مدد سے لاش کی شناخت کرنے کی کوشش کی لیکن شناخت نہیں ہو سکی۔ تفتیش کے دوران ہی پولیس کو متوفی کی جیب سے ایک کاغذ کے ٹکڑے
پر لکھا موبائل نمبر ملا جو کہ وارانسی میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم امت کا تھا۔ پولیس نے جب امت کے نمبر پر رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ لاش پارہ کے جلالپور کے باشندے مزدور رام گوپال کی ہے۔ اس کے بعد پولیس اس کے گھر پہنچی اور بیوی راج کماری کو حادثہ کے بارے میں بتایا۔ موقع پر راج کماری نے پہنچ کر لاش کی شناخت اپنے شوہر کے طور پر کی۔ تفتیش کے بعدلاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ راج کماری نے پولیس کو بتایا کہ وہ لوگ آبائی طور سے سیتاپور کے رہنے والے ہیں اور مزدوری کرتے ہیں۔ منگل کو بھی میاں بیوی ایک ساتھ مزدوری کر رہے تھے۔ شام کے وقت رام گوپال بیوی کو بنا بتائے ہی کہیں چلا گیااس کے بعد راج کماری اپنا کام ختم کر کے گھر لوٹی تو دیکھا کہ شوہر گھر پر نہیں تھا۔ رات بھر وہ شوہر کاانتظار کرتی رہی لیکن وہ نہیں آیا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ رام گوپال نے پھانسی لگاکر خود کشی کی ہے۔ متوفی کے کنبہ میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔