لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ٹرینو ں کوروک کر مسافروں کو لوٹنے والے چار شاطر بدمعاشوں کو سفید آباد ریلوے پلیٹ فارم سے جی آر پی نے گرفتار کر کے چوری کی وارداتوںکا انکشاف کردیا ہے۔ پولیس نے چوروں کے قبضہ سے نقد رقم سمیت ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔ ڈی جی پی کی ہدایت اور ایس پی ریلوے کی نگرانی میں ملزمین کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔ مہم کے تحت جمعرات کو بارہ بنکی جی آر پی انچارج گرجا شنکر ترپاٹھی کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے ریلوے اسٹیشن سفید آباد پلیٹ فارم پر ایک مخبر سے اطلاع ملنے کے بعد سگنل کو فیل کر کے اور ٹرک کو روک کر مسافروں کو لوٹنے والے چار شاطر بدمعاشوںکو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملزمین بہرائچ کے باشندے ننکے عرف کلدیپ، وکرم پاسی، دیپک کمار بالمیکی اور رنٹو عرف کرن ہیں جنہیں کل رات گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضہ سے جی آر پی بارہ بنکی نے چار باغ و گونڈہ سے متعلق تقریباً ایک درجن چوری کی واردات میں لوٹے گئے لیپ ٹاپ،
زیورات اور دس ہزار روپئے و ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ سونو ہے اور وہ لیپ ٹاپ و موبائل فون چوری کر کے نیپال میں فروخت کر دیتے ہیں۔ ٹیم میں شامل جی آر پی ملازمین کو انعام دینے کا علان جی آر پی کے اعلیٰ افسران نے کیاہے۔