لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ راجدھانی میں آج منعقد ریلوے بھرتی بورڈ اور یو پی پولیس کے امتحان میں ٹرین سے آنے والے امیدواروں کو لیکر چار باغ علاقہ میں کافی بھیڑ رہی۔ امیدواروں کی بڑھی ہوئی بھیڑ کے سبب چار باغ اسٹیشن اور لکھنؤ جنکشن اسٹیشنوں پر پیر رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔ ریاست کے مختلف اضلاع امتحان دینے آئے امیدواروں کا ہجوم دوپہر سے ہی چار باغ اور لکھنؤ جنکشن دوپہر سے ہی چارباغ و لکھنؤ جنکشن اسٹیشن پرہی ٹوٹ پڑا۔ کئی ٹرینوں میں سیٹ کو لیکر مسافروں اور امیدواروں میں نوک جھونک ہوتی رہی اور جی آر پی و آر پی ایف کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع ہو سکا۔
موصول اطلاع کے مطابق اتوار کو راجدھانی میں ریلوے بھرتی بورڈ گورکھپور کے ذریعہ منعقد انجینئرنگ کے امتحان اور اترپردیش پولیس کے تحریری امتحان کے سبب ایک دن قبل سے ہی امیدواروں کا ٹرینوں اور بسوں سے راجدھانی میں آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار کی صبح تک جاری رہا۔ امتحان کے ختم ہونے کے بعد امیدواروں کا ہجوم دیر رات تک اپنی منزل کی طرف جانے کے بعد ہی ختم ہو سکا۔ امتحان ختم ہونے کے بعد جب امیدوار اپنی منزل کی طرف جانے کیلئے چارباغ اور لکھنؤ جنکشن اسٹیشن پہنچے تو یہاں میلہ جیسا ماحول ہو گیا۔ اتنے ہجوم کوکنٹرول کرنے کیلئے ریل انتظامیہ اور جی آر پی کی جانب سے کئے گئے انتظامات بھی ناکافی ثابت ہوئے۔ وہیں اس دوران گزرنے والی تروینی ایکسپریس، میرٹھ انٹر سٹی، آگرہ انٹر سٹی، جنتا ایکسپریس، سیالدہ ایکسپریس، دہرا دون ایکسپریس، گنگا گومتی ایکسپریس و دیگرٹرینوں سمیت کئی دیگر ٹرینوں کے کوچوں پر امیدوار اپنا قبضہ جمانے لگے تو پہلے سے ان ٹرینوں
کی محفوظ نشستوں کے مسافروں نے جب اس کی مخالفت کی تو وہ جھگڑے پر آمادہ ہو گئے۔ معاملہ بڑھتا دیکھ کر موقع پر جی آر پی اور آر پی ایف نے پہنچ کر معاملہ کوختم کراکر ٹرینوں کو روانہ کیا۔
ناکافی ثابت ہوا جی آر پی و آر پی ایف کا بندوبست :- شمالی ریلوے کے چار باغ اور شمال مشرقی ریلوے کے لکھنؤ جنکشن اسٹیشن پر آج امیدواروں کے ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ضلع پولیس، جی آر پی اور آر پی ایف کے جوان ناکام رہے۔ اسٹیشن پر معقول بندوبست نہ ہونے سے ہزاروں کی تعداد میں امیدوار ریلوے ٹریک کے درمیان پٹریوں پر کھڑے ہوکر ٹرین کا انتظار کر رہے تھے جنہیں روکنے کیلئے ریلوے پولیس کی جانب سے کسی طرح کا بندوبست نہیں کیا گیا تھا۔
جنرل ٹکٹ اور انکوائری کاؤنٹر پر دھکا مکی:- جنرل ٹکٹ کیلئے امیدواروں اور مسافروں کی لمبی لائن لگی تھی۔ گھنٹوں بعد بھی انہیں ٹکٹ نہیں مل پا رہا تھا ۔ایسے میں سیکڑوں کی تعداد میں مسافر جنرل ٹکٹ کے سلسلہ میں اسٹیشن پر ہنگامہ کرنے لگے۔ ٹکٹ خریدنے کیلئے چار باغ اسٹیشن کے سامنے گرونانک مارکیٹ پر واقع نجی ٹکٹ گھر پر اتنی لمبی لائن لگ گئی کہ سڑک پر ٹریفک نظام متاثر ہونے لگا۔ ایسا ہی حال موہن مارکیٹ سے قبل بنے نجی ٹکٹ گھروں پر دیکھنے کو ملا جہاں مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کیلئے کافی مشقت کرنی پڑی۔ انکوائری کاؤنٹر پر ٹرینوں کی صورتحال معلوم کرنے پر صحیح اطلاع نہیں مل پا رہی تھی۔
اضافی بسوں کا ہوا انتظام :- ٹرینوں میں سیٹ نہ ملنے کے سبب بس اسٹیشنوں پر بھی امیدواروں کا ہجوم ٹوٹ پڑا ۔ عالم باغ اور قیصر باغ بس اسٹیشنوںپر روڈویز کارپوریشن نے اضافی بسوں کا بندوبست کیا۔ وہیں راجدھانی میں دیگر دنوں کے مقابلے آج زیادہ تر سٹی بسوں کو چار باغ اسٹیشن کیلئے چلایا گیا۔