بولی وڈ میں سلمان خان کی شادی کے چرچے ہمیشہ ہی گرم رہتے ہیں اور کترینہ و ایشوریہ سمیت کئی حسیناﺅں کے ساتھ ان کے عشق کے چرچے سامنے آتے رہے ہیں تاہم کوئی بھی بیل منڈیر پر نہ چڑھ سکی۔
جبکہ اداکار اس سے قبل شادی نہ کرنے کا بھی اعلان کرچکے ہیں.
ہندوستانی نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کے مطابق مشہور رئیلٹی شو بگ باس سیزن 9 “ڈبل ٹربل” کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دبنگ خان سے جب سوال کیا گیا کہ وہ خود کب ڈبل ہورہے ہیں، دوسرے الفاظ میں شادی کب کررہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ “میں فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے وقت ہی سے ڈبل ہوگیا تھا اور ‘سلطان’ کے بعد اب میں ٹرپل ہوجاؤں گا”.
سلمان کا کہنا تھا “شادی زندگی بھر کے لیے نہیں ہے، آپ کس زمانے میں رہتے ہیں.”
پریس کانفرنس کے دوران سلمان نے الٹا ایک رپورٹر سے ہی سوال کرڈالا، “آپ مجھے عارضی شادی کا کہہ رہے ہیں یا مستقل شادی کا؟
اور جب ایک رپورٹر نے انھیں شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا تو ان کا کہنا تھا،”اچھی بحث ہے، کوئی شادی کرنے کا کہہ رہا ہے اور کوئی شادی نہ کرنے کامشورہ دے رہا ہے، آپ سب لوگ مجھے راضی کرنا چاہتے ہیں یا میرا حوصلہ پست کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟”
بگ باس سیزن 9 “ڈبل ٹربل” کے پرومو میں سلمان خان کی مشہور آنکھ سے دو لوگوں کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جن کے بارے میں سلمان کا کہنا ہے کہ ایک کے ساتھ دوسرا کھلاڑی جڑ کر رہے گا جو ایک دوسرے کے لیے مشکلات یعنی ٹربل کا سبب بھی بن سکتا ہے.
بگ باس سیزن 9 اگلے ماہ 11 اکتوبر سے کلرز چینل پر نشر کیا جائے گا.
رئیلٹی شو کے ساتھ ساتھ سلمان ان دنوں سورج برجاتیہ کی فلم “پریم رتن دھان پایو” جبکہ ادتیہ چوپڑا کی فلم “سلطان” میں بھی مصروف ہیں.