فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے مسجد الاقصی کے دفاع کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے-تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے بیت المقدس میں فلسطینیوں کی نسلی تطہیر پر مبنی صیہونی حکومت کی سازش کی بابت خبردار کیا ہے-
فوزی برہوم نے کہا کہ صیہونی حکومت کی اس پالیسی کا مقصد بیت المقدس شہر کو یہودی رنگ میں رنگنا ہے- فوزی برہوم نے مغربی کنارے اور مقبوضہ علاقوں میں زندگی گزارنے والے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے خطرناک منصوبے کے مقابلے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور مسجد الاقصی کے دفاع کا ایک نیا مرحلہ شروع کریں- فوزی برہوم نے بیت المقدس میں اسرائیلی مظالم پر نام نہاد خود مختار فلسطینی انتظامیہ، عالمی برادری، اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کی خاموشی پر تنقید کی اور کہا کہ اسی خاموشی کی وجہ سے صیہونی حکومت اپنے مظالم جاری رکھے ہوئے ہے-