اسرائیل، جبالیا میں قتل عام کا قصور وار ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے غزہ کے ایک اسکول پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری صہیونی فوج پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو این نے اسرائیل کو 17 بار یہ پیغام بھیجا گیا کہ اسکول میں بے گھر ہونے والے خواتین اور بچوں نے پناہ لے رکھی ہے لہٰذا اس پر حملے سے گریز کیا جائے۔
اسرائیل نے یو این کی مسلسل وارننگ کی بھی کوئی پرواہ نہیں کی اور بمباری کرکے دسیوں خواتین اور بچوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں جبالیا کے مقام پر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘انروا’ کے زیر انتظام ایک پرائمری گرلز اسکول پر اسرائیلی ٹینکوں نے وحشیانہ گولہ باری کی تھی جس سے اسکول میں پناہ لینے والے پندرہ افراد شہید اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔ شہداء اور زخمیوں کی اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل تھی۔
اسکول پر گولا باری اس وقت کی گئی جب بھوک سے نڈھال فلسطینی تھک ہار کر اسکول کے ننگے فرش پر بیٹھے یا لیٹے ہوئے تھے۔ اسرائیلی گولا باری اس قدر شدید تھی کہ اسکول ملبے کا ڈھیر بن گیا اور شہداء کے جسد خاکی اور اسکول کا ملبہ آپس میں گڈ مڈ ہو گئے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی “اے ایف پی” کے مطابق اقوام متحدہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی حکومت اور فوج کو کم سے کم سترہ بار یہ پیغام بھیجا کہ جبالیا کے مقام پر ایک اسکول میں بڑی تعداد میں بے گھر افراد ٹھرے ہوئے ہیں۔ ان پر بمباری نہ کی جائے، لیکن اسرائیل نے عالمی ادارے کی اطلاع پر کان نہیں دھرے اور وحشیانہ گولا باری سے درجنوں افراد شہید کر دیئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول کے قریب سے مارٹر گولے پھینکے گئے تھے جس کے بعد فوج نے وہاں پر کارروائی کی ہے تاہم فوج اسکول پر حملے کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی ذیلی ‘انروا’ کے ڈائریکٹر پیر کیرنبول نے اسرائیلی فوج کا دعویٰ مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیل کو سترہ بار پیغام بھییجا کہ جبالیا کے اسکول کو بمباری سے بچایا جائے کیونکہ یہاں بے گھر ہونے والے سیکڑوں خواتین اور بچے عارضی طورپر قیام پذیر ہیں۔
یو این عہدیدار نے کہا کہ “میں اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں کیونکہ ہماری وارننگ کے علی الرغم اسرائیل نے اسکول پر بمباری کرکے عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے ایک کونے پر فلسطینیوں کے 20 گدھے اور دیگر مویشی باندھے گئے تھے۔ اسکول کی عمارت ان پر آ گری اور وہ بھی ہلاک ہو گئے۔
اقوام متحدہ نے اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کو وسعت دیے جانے اور بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں جاری رہیں تو غزہ کے لاکھوں باشندے اپنے گھروں سے محروم ہو سکتے ہیں۔