لکھنؤ۔ (بیورو)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی حکومت مسلمانوں کو نظر انداز نہیں کر سکتی ، سرکاری پروجیکٹ میں اس سماج کو خاص طور پر خواتین کو مساوی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ اپنی قیام گاہ پر مسلم خواتین کے ساتھ رسمی ملاقات کے اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا
پروگرام وزیر اعلیٰ کی قیام گاہ پر کبھی نہیں منعقد ہوا تھا۔
وزیر صحت احمد حسن کی قیادت میں شہر کی مسلم خاتون ، پرنسپل، معلمات اور طالبات کو وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرانے کیلئے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر بلایاگیا تھا۔ کرامت گرلس کالج کی پرنسپل رخسانہ لاری، بنارس ہندو یونیورسٹی کی سابق پروفیسر ڈاکٹر قمر جہاں، ارم کالج کی پرنسپل سیما خان اور زرینہ فاطمہ کے علاوہ آئی ٹی کالج کی معلمہ حناصدیقی ، امبیڈکر یونیورسٹی کی پروفیسر رشیدہ اطہر، کرامت کالج کی معلمہ ڈاکٹر شبنم رضوی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ اسکول، کالج اور عربی فارسی مدارس کی طالبات بھی بڑی تعداد میںموجود تھیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کا پروگرام یہاں پہلے نہیں ہواتھا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ایک بیٹی دو گھر بناتی ہے، خواتین سے ہی گھر کی خوشی ہوتی ہے۔ سماج وادی پارٹی کی حکومت نے بھی عورتوں کیلئے متعدد اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ کنیا ودیادھن اسکیم کی وجہ سے کالجوں میں طالبات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عورتوں کی حفاظت کیلئے ۱۰۹۰ اچھا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ان کی حکومت نظر انداز نہیں کر سکتی۔ یہ سماج آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ سبھی پروجیکٹ میں مسلم سماج کو بھی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ آئندہ بھی حکومت مسلم مفاد کو دھیان میں رکھ کر سرکاری اسکیمیں طے کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اطفال کمیشن وغیرہ کی تشکیل حکومت جلد ہی کرنے جا رہی ہے۔ آئی اے ایس افسران پر ایک بار پھر سے نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ان افسران سے کام لینا محنت کا کام ہے۔
ڈاکٹر قمر جہاں نے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً بیس فیصد ہے اس لئے سرکاری اسکیموں میں پانچواں حصہ حاصل کرنا مسلمانوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ریویو کمیٹی بننی چاہئے جو جانچ کرے کہ مسلمانوں کو ان کا حق ملا یا نہیں۔
ڈاکٹر رخسانہ لاری نے کہا کہ لڑکی ہمت والی ہوگی تبھی اس کا گھر بھی اچھا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ حجاب سے عورتوں میں احساس کمتری نہیں ہونی چاہئے بلکہ ہمت سے آگے بڑھنا چاہئے۔ ڈاکٹرسیما نے بھی ۱۰۹۰ سمیت حکومت کی اسکیموں کی تعریف کی۔ رشیدہ اطہر نے کہا کہ عورتوں کیلئے چیلنج میں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر وزیر صحت احمد حسن نے سبھی کاشکریہ ادا کیا۔