لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ سے کانگریس کی پارلیمانی امیدوار و رکن اسمبلی ڈاکٹر ریتا بہو گناجوشی نے عارف شفیع منیہار کے ذریعہ جمعیت اہل حدیث کے چیئر پریسیڈینٹ مولانا شہاب الدین مدنی کی رہائش گاہ پرمنعقدہ جلسہ میں شرکت کی۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا شہاب الدین نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے کیلئے مسلمان متحد ہوکر کانگریس امیدوار ڈاکٹر بہوگناجوشی کو اکثریتی ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ مسلمان لوگوں کے ورغلانے میں نہ آکر صرف ڈاکٹرجوشی کو ہی ووٹ دیں۔ حافظ عتیق الرحمان سعیدی نے بھی ڈاکٹر جوشی کو یقین دلایا کہ تمام مسلمان متحد ہوکر کانگریس کی حمایت کریں گے۔ جلسہ میں مولانا فرید الدین فیضی ، خا
لد قریشی، عثمان قریشی، ندیم ، رضوان اور احمد کے علاوہ کثیر تعداد میں مسلمانوں نے حصہ لے کر کانگریس کوووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر جوشی نے ہندوستانی عوام پارٹی کے ذریعہ رجب گنج ، ٹھاکر گنج کے جلسہ میں شرکت کی۔ ڈاکٹر جوشی نے کہا کہ کانگریس ہی واحد پارٹی ہے جو ملک کو ترقی کے راستے پر لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقوں کے لوگوں کی پارٹی ہے جس کی وجہ سے عام انسان خود کو پارٹی سے وابستہ سمجھتا ہے۔ ہندوستانی عوام پارٹی کے قومی صدر قاضی محمد احمد صفوی نے ڈاکٹر جوشی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جوشی جدو جہد کرنے والی خاتون ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے مفادات کا خیال رکھا ہے۔ جلسہ میں اترپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر سبودھ شریواستو، ہندوستانی عوام پارٹی کے جنرل سکریٹری شاکر علی سجادہ نشین درگاہ شاہ مینا، قومی جنرل سکریٹری ایم پی دکشت، سیاسی صلاح کار خواجہ محمد سلمان، سرپرست ارشاد علی موجود تھے۔