اقوام متحدہ کی خصوصی مشیر اور ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی پٹ — فائل فوٹو: اے ایف پی
لندن: اقوام متحدہ (یو این) کی خصوصی مشیر اور ہولی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی پٹ بھی دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا کے سب سے بدترین مہاجرین بحران پر خاموش نہیں رہ سکیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی نے لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے اب تک کے سب سے بدترین مہاجرین بحران کو ‘سیاسی خطرہ تصور’ نہ کریں بلکہ اسے کھلے دل سے تسلیم کیا جائے۔
یو این کی خصوصی مشیر نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کرنا ‘ایسا کام ہے جو ہم سب کی ذمہ داری ہے’, ساتھ ہی خبردار بھی کیا کہ دوسری صورت میں دنیا میں افراتفری پھیل سکتی ہے۔
امریکا کی اوسکر وننگ اداکارہ نے امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا
ٹرمپ نے اپنی صدارتی مہم کے دوران مکسیکو مہاجرین کے امریکا میں داخلے کو روکنے کیلئے دیوار بنانے اور مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر عارضی پابندی کی تجویز دی ہے۔
اپنے خطاب کے بعد ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے انجلینا کا کہنا تھا کہ ‘ایک ممکنہ امریکی صدر کے منہ سے ایسے الفاظ سننا انتہائی برا ہے’۔
‘امریکا ایسے لوگوں پر انحصار کرتا ہے جو آزادی پر یقین رکھتے ہیں، خاص طور پر مذہبی آزادی پر’۔
خیال رہے کہ شام میں پانچ سال سے جاری خانہ جنگی نے مہاجرین کے بحران میں عالمی سطح پر مزید اضافہ کردیا ہے، اور اس کی وجہ سے دنیا بھر میں بے گھر افراد اور مہاجرین کی تعداد 6 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔