نئی دہلی : شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس)کے ہندوستان میں پاؤں پھیلانے کے اندیشوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مسلم معاشرہ میں ملک کی روایت اور اقدار اس طرح رچے بسے ہیں کہ وہ اس تنظیم کو ہندوستان میں پیر نہیں جمانے دیگا ۔مسٹر سنگھ نے راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ ہندوستان میں اسلامک اسٹیٹ کے تعلق سے تشویش کی صورتحال نہیں ہے ۔اس تنظیم کے پیر ملک میں جم نہیں پائیں گے کیونکہ مسلم معاشرہ میں ملک کی روایت اور اقدار اس حد تک رچے بسے ہیں کہ وہ اسے ہندوستان میں فروغ حاصل ہونے نہیں دے گا۔وزیر داخلہ کرن ریجیجو نے بتایا کہ ملک میں اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ چھوٹے موٹے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اب تک اس تنظیم سے وابستہ صرف 6 معاملے پورے ملک میں درج کئے گئے ہیں۔ چندگرفتاریاں بھی کی گئی ہیں اور ان معاملات کی ابھی تفتیش جاری ہے . ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تمام بڑے مسلم رہنماؤں اور تنظیموں نے اسلامک اسٹیٹ کی مخالفت کی ہے ۔تفتیشی کی ایجنسیوں کو واضح ہدایات ہے کہ وہ کسی معصوم کو پریشان نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجموعی طورپر 286 لوگوں کو مختلف زمروں کے تحت سیکورٹی فراہم کی۔ اس کے ساتھ ساتھ 21 لوگوں کو ریاستی حکومت کی درخواست پر مرکز کی جانب سے سیکورٹی فراہم کی گئی ہے ۔