علی گڑھ (نامہ نگار) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سٹی ہائی اسکول کے نویں جماعت کے طالبِ علم اتکرش مشرا نے سی بی ایس سی ،نئی دلی کے زیرِ اہتمام منعقدہ مضمون نویسی مقابلے میں۲۵۰۰ روپے کا انعام جیت کر اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ طالبِ علم کی اس کامیابی پر اسکول کے پرنسپل سید تنویر نبی نے مبارکباد پیش کی۔ا س کے علاوہ ایران کے سپریم کونسل فار سنی اسلامک انسٹی ٹیوٹ کے ایک وفد نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کارگزار وائس چانسلر برگیڈیئر سید احمد علی سے ملاقات کی اور تعلیم کے شعبے میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے ایرانی طلبہ کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلے کے عمل پر بھی معلومات فراہم کی۔ایران کے اس پانچ رکنی وفد کی قیادت سید محمد یوسف وقاشوری ک
ر رہے ہیں۔ یہ وفد ۲۴؍اکتوبر تک یونیورسٹی میں قیام کرے گا اور مختلف فیکلٹیوں کے ڈین اور دیگر افسران سے ملاقات کرکے ضروری امور پر تبادلہ خیال کرے گا تاکہ دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی معاہدہ کو آخری شکل دی جا سکے۔اس غیر ملکی وفد کے دورے کا بنیادی مقصد ایرانی طلبہ کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف کورسوں میں داخلے کی آسانی فراہم کرانا ہے۔
اس وفد نے پاور پوائنٹ پیش کش کے ذریعہ اپنے ادارے کی سرگرمیوں سے برگیڈیئر سید احمد علی کو متعارف کرایا۔ یہ وفد ۲۴؍اکتوبر کو وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ سے ملاقات کرے گا۔