ممبئی: بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے کہا ہے کہ ان کی نئی آنے والی سائنس فکشن فلم ”مسٹر ایکس” میں کوئی بولڈ سین نہیں ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ بات انہوں نے فلم کی پروموشن کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں ان کا کردار انسداد دہشت گردی کے آفیسر کے گرد گھومتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں کوئی بولڈ سین شامل نہیں اور وہ مختلف انداز میں نظر آئیں گے۔ اس موقع پر اداکارہ امریا دستور نے کہا کہ فلم کی عکسبندی عمران ہاشمی کے بغیر آسان نہیں تھی۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے لئے ایک اچھا سیکھنے کا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی محبت اور نفرت کے گرد گھومتی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ اس وقت فلم کے بارے میں مزید نہیں بتا سکتیں۔ واضح رہے کہ وکرم بھٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی مذکورہ فلم 17 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔