لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ناکہ علاقہ میں ایک شادی شدہ خاتون باتھروم میںمشتبہ حالات میں مردہ حالت میں پائی گئی۔ خاتون کے شوہر نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج
دیا۔ موصولہ خبرکے مطابق ناکہ کے ہری نگر کے باشندے ستیم پانڈے کی بیوی پرینکا(۲۲) پانی گرم کرتے ہوئے کرنٹ کی زد میں آگئی تھی اور معمولی طور پر جھلس گئی تھی۔ پرینکا کے شوہر نے اسے پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا تھا جہاں وہ زیرعلاج تھی۔ گزشتہ شب پرینکا باتھروم گئی تھی لیکن وہاں سے واپس نہیں نکل سکی۔ کافی دیر گزر جانے کے بعد ستیم نے باتھروم کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ ستیم نے کسی طرح دروازہ کو کھولا تو دیکھا کہ پرینکا کی لاش زمین پر پڑی ہے۔ اس نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے معاملہ کی تفتیش کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی موت کی وجوہات معلوم ہو سکیں گی۔ ترجمان نے بتایاکہ پرینکا غازی آباد کی رہنے والی ہے اس کی شادی تین سال قبل ستیم سے ہوئی تھی۔ پرینکا کے والدین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔