لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔مڑیاؤں میں مشتبہ حالات میں آگ کی زدمیں آئی خاتون کی دوران علاج موت ہو گئی۔ اسے سنگین حالت میںسول اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس معاملہ میں اہل خانہ نے داماد پر آگ لگاکر مارنے کا الزام عائد کیا ہے۔ فی الحال پولیس کو دیر شب تک اس معاملہ میں کوئی تحریر نہیں ملی تھی۔ آبائی طور سے سیتاپور کے محمود آبا د کے رہنے والے شیام جی اپادھیائے کے مطابق ان کی بہن دیپیکا مشرا (۳۲) کی شادی دیویش مشرا کے ہمراہ ۲۰۰۹ء میں ہوئی تھی۔ دیویش نجی ڈرائیور ہے جو اپنی بیوی اور ایک بیٹی انیشکا کے ساتھ مڑیاؤں کے محب اللہ پور میں سمرا گارڈن میں کرائے پر رہتا ہے۔ شادی کے کچھ دنوں تک سب کچھ ٹھیک چلتا رہا لیکن بعد میں دیویش نے دیپیکا کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔ تنازعہ کے سبب دیپیکا کے بڑے بھائی سنجے اسے گیارہ نومبر کو میکے لے آئے۔ ۲۲؍نومبر کو دیویش دیپیکا کے گھر کے باہر پہنچا اور دیپیکا سے ساتھ چلنے کیلئے کہا جس پر وہ اس کے ساتھ چلی آئی۔ ۲۶؍نومبر کو دیویش نے شیام جی کو اطلاع دی کہ اس کی بہن آگ سے جھلس گئی ہے۔ اسے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ علاج کے دوران دیپیکا نے منگل کی صبح دم توڑ دیا۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اہل خانہ نے داماد پر آگ لگاکر مار دینے کا الزام عائد کیا ہے۔