لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مڑیاؤں علاقہ میں ایک شادی شدہ عورت مشتبہ حالات میں آگ کی زد میں آگئی۔ بیوی کو آگ کے شعلوں میں گھرا دیکھ کر شوہر حیران رہ گیااور کسی طرح سے آگ کو بجھایا۔ جب تک آگ کو بجھایا گیا تب تک شادی شدہ تقریباً ۸۰ فیصد جل چکی تھی۔ جھلسی عورت کو اہل خانہ نے سول اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ مڑیاؤں کے کھدری کے رہنے والے دیویش مشرا کی بیوی چوبیس سالہ دیپیکا بدھ کو مشتبہ حالات میں آگ کی زدمیں آگئی۔ دیپیکا کے چلانے کی آواز سن کر اہل خانہ دوڑے تو دیکھا کہ کچن میں دیپیکا آگ کے شعلوں کے درمیان گھری ہوئی ہے۔ کسی طرح سے آس پاس کے لوگوں کی مدد سے آگ کو بجھایا گیا اور اسے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹر اس کی حالت نازک بتارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیپیکا نے بیان میں بتایا کہ اس کے شوہر کا اس میں کوئی قصور نہیں ہے وہ خود ہی آگ کی زد میں آگئی ہے۔ وہیں دوسری جانب دیپیکا کے میکے والوں نے کسی پر کوئی الزام نہیں عائد کیا ہے۔ دیویش کی شادی ۲۰۰۹ء میں ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دیپیکا ۸۰ فیصد جل چکی ہے۔