لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔گومتی نگر علاقہ میں ایک کالج میں پڑھنے والی طالبہ کی مشتبہ حالات میں موت کے معاملہ میں آج طالبات نے اسکول کے باہر مظاہرہ کیا۔ ان لوگوں نے ہاسٹل منتظم پر الزام عائد کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی بھی کی۔ اس معاملہ میں پولیس نے ایک طالبہ کی تحریر پر ہاسٹل منتظم کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔ انسپکٹر گومتی نگر اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ امبیڈکر نگر میں رہنے والی شرسٹی گومتی نگر واقع ایک اسکول میں پڑھتی ہے۔ شرسٹی
وشواس کھنڈ واقع خاتون کے ذریعہ چلائے جا رہے پرائیویٹ ہاسٹل میں رہتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسٹل میں کالج کی اور طالبات بھی رہتی ہیں۔ کچھ دن قبل شرسٹی کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی۔ اس بات کی خبر جب اس کے گھر والوں کو ہوئی تو گھر والے اس کو اپنے ساتھ لیکر امبیڈکر نگر چلے آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ امبیڈکر نگر میں علاج کے دوران شرسٹی کی موت ہو گئی۔ طالبہ کی موت کے بعد آج طالبہ کی دوست مشتعل ہو گئیں اور کالج کے باہر مظاہرہ کرنے لگیں۔ طالبات کا الزام تھا کہ ہاسٹل میں ان لوگوں کو صحیح طور پر کھانا نہیں دیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ غلط سلوک کیا جاتا ہے۔ مظاہرہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر گومتی نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے مظاہرہ کر رہی طالبات کو سمجھا بجھاکر خاموش کرایا۔ انسپکٹر اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ طالبہ رچا پانڈے کی تحریر پر پولیس نے ہاسٹل منتظم کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔