نئی دہلی: مشرقی دہلی کے کرشنا نگر علاقے میں واقع جھلمل کالونی میں کل رات فائرنگ کے واقعہ میں 14 سال کی ایک بچی سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ کالونی میں واقع ساحل پراپرٹیز میں رات تقریباً 11بجے چند افراد نشے کی حالت میں جوا کھیل رہے تھی اسی دوران ان میں آپسی کہاسنی ہوئی اور پھر ان میں سے کسی نے فائرنگ کردی جس سے ساحل پراپرٹیز کے سامنے واقع ایک گھر کی چھت پر 14 سال کی بچی کو پیٹ میں گولی لگ گئی جس کے بعد مشتعل لوگوں نے ساحل پراپرٹیز اور آس پاس کھڑی گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی۔ اسی دوران ساحل پراپرٹیز میں موجود لوگوں نے پھر تقریباً 8 راونڈ فائرنگ کی جس میں مزید تین افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ ساحل پراپرٹیز کا دفتر چلانے والے کی شناخت ہوگئی ہے لیکن اس واردات کو انجام دینے والے دیگر افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ہے ۔اس سلسلے میں اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے ۔