لندن۔مشہور سنگر ریانہ جلد ہی کھیلوں کا سامان بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنی ’پ±وما‘ کے ساتھ کام کرنے جا رہی ہیں۔پوما کے اعلان کے مطابق کمپنی نے ریانہ کو خواتین کے ورزشی لباس اور دیگر سامان کے شعبے میں ’تخلیقی ڈائریکٹر‘ کے عہدے کی پیشکش کی تھی جو انھوں نے قبول کر لی ہے اور وہ جنوری سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گی۔26 سالہ سنگر نہ صرف پوما کے کپڑوں اور جوتوں کے موجودہ ڈیزائنوں کو مزید بہتر بنائیں گی بلکہ وہ نئے نمونے بھی متعارف کرائیں گی۔پوما کے ساتھ اس اشتراک کے بارے میں ریانہ نے اپنے شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: ’میں آپ کا سوچ کر بہت پرجوش ہوں۔
دیکھیں میں اور پوما آپ کے لیے کیا نیا کرنے جا رہے ہیں۔‘پوما کے مالکان کا کہنا تھا کہ ریانہ’ کھیل کی دنیا کے ساز و سامان میں نئی تخلیقی صلاحیتیں اور اپنی ذاتی شناخت لے کر آ رہی ہیں۔‘کپمنی کے افسران کا مزید کہنا تھا کہ اب پوما کی مصنوعات میں’ایسے ڈیزائن متعارف کیے جائیں گے جن سے ورزش اور کھیلتے وقت خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور اپنی جسامت کے بارے میں زیادہ پراعتماد محسوس کریں گی۔‘پنے نئے کردار میں ریانہ نہ صرف پوما کی مصنوعات کے نمونوں پر اثر انداز ہوں گی بلکہ وہ کمپنی کی نئی مصنوعات کے اشتہارات میں دیکھی جا سکیں گی۔اس سلسلے میں کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ شائقین ان کی ’فارایور فاسٹ‘ (ہمیشہ تیز) نامی اشتہاری مہم میں اب ریانہ کے ساتھ ساتھ یوسن بولٹ اور سرگیو اگورو جیسے ایتھلیٹس کو بھی دیکھ سکیں گے۔’ فٹ بال، دوڑ اور دیگر مصنوعات کے شعبوں کے لیے ہمیں ایک ایسی خاتون کی تلاش تھی جو لوگوں میں یہ جذبہ اجاگر کر سکے کہ خواتین کے لیے بھی ورزش اور جسمانی تربیت بہت اہم ہے۔ چنانچہ یہ قدرتی بات ہے کہ ہمار انتخاب ریانہ بنیں۔‘’ہم انھیں اپنا پارٹنر بنا کر بہت خوش ہیں اور ہماری نظریں اب آنے والی نئی مصنوعات پر لگی ہوئی ہیں۔‘