سزا پانے والے تمام افراد سخت گیر اسلام پسند سابق صدر محمد مرسی کے حامی ہیں مصر کی ایک عدالت نے معزول صدر محمد مرسی کے 529 حامیوں کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان تمام افراد پر عائد الزامات میں قتل کے الزامات بھی شامل ہیں۔
یہ تمام افراد کالعدم جماعت اخوان المسلمین سے تعلق رکھتے ہیں اور ان سمیت کل 1200 افراد پر مقدمہ چلایا جا رہا تھا۔
یہ تمام افراد سخت گیر اسلام پسند سابق صدر محمد مرسی کے حامی ہیں۔
محمد مرسی کی معزولی کے بعد مصر کے حکام نے اسلام پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ سینکڑوں لوگ مارے گئے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کے مطابق قاہرہ کی ایک عدالت نے یہ فیصلہ محض دو پیشیوں کے بعد سنایا ہے جس میں ملزمان کے وکلا کا کہنا ہے کہ انہیں اپنا موقف بیان کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
جن حملوں کے الزام میں یہ سزائیں سنائی گئی ہیں وہ گذشتہ برس اگست میں سکیورٹی فورسز کی جانب مرسی کے حامیوں کے ایک احتجاجی کیمپ کو منتشر کرنے کے بعد کیے گئے تھے۔
مرسی کے حامیوں کی جانب سے مبینہ طور پر کیے جانے والے حملوں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔