مصر میں سڑکیں اور ریلوے غیر محفوظ ہونے کے لیے مشہور ہیں
مصر میں حکام کا کہنا ہے کہ جزیرہ نمائے سینا میں شرم الشیخ کے قریب دو بسوں کے درمیان تصادم میں 33 افر
اد ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کی صبح ہونے والا یہ واقعہ مقبول سیاحتی مقام شرم الشیخ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور پیش آیا۔
زخمی ہونے والوں میں یوکرینی، سعودی اور یمنی شہری ہیں اور ان میں سے چند کی حالت نازک ہے۔
مصر میں سڑکیں اور ریلوے غیر محفوظ ہونے کے لیے مشہور ہیں۔
حادثے کے جائے وقوع کی جانب 30 ایمبیولینسیں بھیجی گئی تھیں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مصر کے ریاستی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک بس شرم الشیخ سے قاہرہ جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والی بس سے اس کا تصادم ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات میں روسی شہریوں کے زخمی ہونے کی طرف اشارہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں یوکرینی شہریوں کی شناخت کی گئی۔
مصر میں اس سے پہلے بھی سڑکوں پر انتہائی مہلک حادثے ہوتے رہے ہیں۔
گذشتہ نومبر میں قاہرہ کے جنوب میں ایک منی بس اور ٹرین کے تصادم میں 26 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔
2012 میں قاہرہ میں ہی ایک سکول بس اور ٹرین کی ٹکر میں 50 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں ٹرین کا سگنل آپریٹر کام کے وقت سو گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد وزیرِ ٹرانسپورٹ کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا۔
2002 میں مصر کی تاریخ کا بدترین ٹرین حادثہ ہوا تھا جس میں قاہرہ میں ایک ٹرین کو آگ لگنے سے 373 لوگ مارے گئے تھے۔