سیسی نے تین سالہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی. قاہرہ میں سویز نہر کی توسیع کے منصوبے میں حصہ لینے والے بلڈوزر اور ٹرک دیکھے جا سکتے ہیں مصر میں نئی نہر سویز کے ایک بڑے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کو تین سالہ طے شدہ مدت سے کم عرصے میں مکمل کرنے کے لیے دسیوں تعمیراتی کمپنیاں اور ہزاروں مزدور شرکت کریں گے۔
نیو سویز کینال کے نام سے شروع ہونے والے منصوبے کے نگران کامل الوزیری نے ‘العربیہ’ کو بتایا کہ تین ہزار ٹرکوں اور لوڈرز نے 7500 مزدوروں کے ہمراہ سویز نہر کے اس پراجیکٹ پر کھدائی کا کام شروع کر دیا ہے۔
مصری فوج کی انجنئیرنگ کور کے چیف آف سٹاف کامل وزیری نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ 40 سے زائد کمپنیاں کھدائیوں میں مصروف ہیں جبکہ ان کے اندازے کے مطابق یہ تعداد بڑھ کر 63 ہو جائے گی۔
مسٹر کامل نے وضاحت کی ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے تین سالہ منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کے حکم کی پیروی کرنے کے لئے مزید کمپنیوں کو کھدائی کے کام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 40 کمپنیاں 35 کلومیٹر لمبی نہر کے لئے کھدائی میں مصروف عمل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کھدائی کے نتیجے میں ہر روز پانچ لاکھ کیوبک میٹر مٹی زمین سے نکالی جائی گی۔
منصوبے کے نگران کے مطابق کمپنیوں کو ان کے آپریشنز اور سامان کے تحت مختلف علاقوں میں کام کرنے کی جگہ سونپ دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اس منصوبے پر 7500 مزدور کام کر رہے ہیں مگر اس ہفتے کے آخر تک مزدوروں کی تعداد دگنی ہو کر 15٫000 تک پہنچ جائے گی۔