لکھنو: کلکٹریٹ سے محض پندرہ سے بیس کلو میٹر کی دوری پر گزشتہ ایک ہفتہ سے زیادہ عرصہ سے ناجائز کانکنی چل رہی ہے لیکن اس کیلئے ذمہ دار افسران کے پاس کانکنی کی اطلاع ہی نہیں ہے۔ واضح ہو کہ ناجائز کانکنی کرنے والے کانکنی مافیا چار سے پانچ فٹ کا پرمٹ لیکر دس فٹ سے زیادہ کھدائی کر وا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کانکنی مافیا کو بچانے میں سب سے بڑا کردار اس علاقہ کی مقامی پولیس کا ہے۔
پولیس سے پوچھے جانے پر یہی جواب ملتا ہے کہ ان کے پاس مٹی کی کھدائی کرنے کا پرمٹ ہے۔ کانکنی کیلئے سب سے زیادہ مشہور کاکوری سے ملحق گاو¿ں سیتھا ، بیہٹا، جیہٹا، حلوا پور، کٹولی اور ہولا گنج میں دن رات کھدائی کا کام چل رہا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ایک بھی افسر وہاں نہیں جاتا۔ موجودہ وقت میں کٹولی اور جھاکڑ باغ میں گزشتہ ایک ماہ سے ناجائز کھدائی کی جا رہی ہے۔ ناجائز کانکنی کے بارے میں پوچھے جانے پر کانکنی کا پرمٹ ہونا بتایا جاتا ہے۔
اسی سلسلہ میں ابھی کاکوری کے ہولا گنج میں بھی تین دن سے ناجائز کانکنی کی جا رہی ہے لیکن کسی کو کوئی خبر نہیں ہے۔ناجائز کانکنی کے سلسلہ میں جب ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ ریونیو دھننجے شکلا سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کو کسی بھی قسم کی کانکنی کی اطلاع نہیں ہے۔