گورکھپور(نامہ نگار)خاتون خانساما ؤں کے مسائل کے سلسلے میں خاتون کارکنان بہبود کمیٹی کے علاقائی صدر رام للت ورما کی قیادت میں ضلع مجسٹریٹ دفتر اورمنطقائی کمشنر دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اورمطالبات منظورنہ ہونے پر غیر معینہ دھرنا دینے کا انتباہ دیاگیا ۔ دھرنے کوخطاب کرتے ہوئے رام للت ورما نے کہا کہ غریب خانساماؤں کا استحصال باربار فارم بھروارکر گزشتہ آٹھ برسوں سے کیا جارہاہے۔انھوں نے کہا کہ خانساماؤںکا استحصال ضلع کوآرڈینیٹر دیپک پٹیل کے ذریعہ کیاجارہاہے اورانھیں ملازمت سے ہٹادیا گیا۔جب کہ غریب خانساماؤں کی سنوائی کہیں نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے خانساماؤں میں ناراضگی ہے۔ مسٹرورما نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ تعلیم دوستوںکو تنخواہ اعزازیہ دے کر باقاعدہ ٹیچر بنایاجارہاہے لیکن غریب خانساماؤں کی خبر گیری نہیں کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جولائی ماہ میں دہلی جنتر منترپر بھی خانساماؤں کے ذریعہ دھرنا دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم خانساماؤں کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں گے۔دھرنے کوخطاب کرتے ہوئے جنرل سکریٹری رام پال پانڈے نے خانساماؤں کی تنخواہ میں پندرہ سو سے دوہزار روپئے کا اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔مسٹرورما نے کہا کہ جب تک دیپک پٹیل کو برخاست نہیں کیاجاتا اس وقت تک غیر معینہ مدت کا دھرنا جاری رہے گا۔