کربلا تال کٹورہ میں سپرد خاک، مجلس سوئم آج
لکھنؤ4اکتوبر۔ مشہور شاعر اہلبیت اور انجمن معراج المومنین کے صاحب بیاض سید توقیر حیدرنقوی توقیرجائسی کا مختصر علالت کے بعد کل بروز جمعہ انکے مکان واقع کشمیری محلہ میں انتقال ہو گیا۔ مرحوم65برس کے تھے اور کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مرحوم کو کل دیر شب اعزا، اقارب اور کثیر مجمع کی موجودگی میں کربلا تال کٹورہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل مرحوم کے جنازے کوانکے مکان سے کثیر مجمع کی موجودگی میں کربلا دیانت الدولہ لے جایا گیاجہاں غسل و کفن کے بعد مجلس عزا کو مولانا اختر حسین نے خطاب کیا جبکہ نماز جنازہ مولانا سرکار حسین نے پڑھائی۔ مجلس کے بعد انجمن معراج المومنین اور انجمن غنچۂ مظلومیہ نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔ مرحوم توقیر جائسی نہایت خوش اخلاق اور سادہ لو انسان تھے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔مرحوم پانچ برس قبل میڈیکل ہیلتھ محکمہ سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کے سوئم کی مجلس کل 5اکتوبر کوصبح 10بجے روضہ سرکار حسینی، کشمیری محلہ میں منعقد ہوگی جسے مولانا سید کلب جواد نقوی خطاب کریں گے۔زنانی مجلس مرحوم کے کشمیری محلہ واقع مکان میں 2بجے دن میں منعقد ہوگی۔