نئی دہلی، 6 اگست (یو این آئی) چاچا چودھری، سابو، پنکی، بلو اور شریمتی جی کے کرداروں کے خالق معروف کارٹونسٹ پران آج گڑگاؤں کے ایک اسپتال میں چل بسے۔ وہ 75 برس کے تھے۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ ڈائمنڈ کامکس کے ناشر گلشن رائے نے بتایاکہ پران نیگڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں آج صبح نو بجے آخری سانس لی۔ وہ گزشتہ آٹھ مہینوں سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔پران کی پیدائش غیرمنقسم ہندوستان کے لاہور میں 15 اگست 1938 کو ہوئی تھی۔ ان کا پورا نام پران کمار شرما تھا۔ آزادی کے بعد ان کا کنبہ مدھیہ پردیش کے گوالیار میں بس گیا تھا۔ وہ پالٹیکل سائنس میں پوسٹ گریجویٹ
تھے اور انہوں نے ممبئی کے سر جے جے اسکول آف آرٹس سے فائن آرٹس کا ڈپلومہ کیا تھا۔
پران نے 1960 میں دہلی کے ملاپ اخبار سے اپنا کارٹونسٹ کریئر شروع کیا تھا۔ انہوں نے 1969میں ہندی کی بچوں کی میگزین لوٹ پوٹ کے لئے “چچا چودھری” کردار بنایا جس سے انہیں غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی۔ ایک وقت چاچا چودھری کے کردار نے سوپر مین، بیٹ مین اور اسپائڈر مین جیسی شہرت حاصل کی۔پران کا نام 1995 میں “پیپلز آف دی ایئر” لمکا بْک آف ریکارڈس” میں شامل کیا گیا تھا۔ 1983 میں وزیراعظم اندرا گاندھی نے پران کی ایک کتاب “رمن۔ہم ایک ہیں ” کا اجرا کیاتھا۔ انہیں 2001 میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارٹونسٹس نے “لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے بھی سرفراز کیا۔وزیراعظم نریندر مودی نے پران کی موت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مسٹر مودی نے کہاکہ پران کثیر جہتی صلاحیتوں کے مالک تھے اور ان کے کرداروں سے کروڑوں لوگوں کے چہروں پر مسکان پھیل جاتی ہے۔انہوں نے مسٹر پران کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی روح تسکین اور شانتی کی آرزو کی۔