رائے بریلی۔ 25مئی (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں پانچ ماہ کے معصوم بچے کے جسم سے دو درجن سے زائد سوئیاں ملنے کی وجہ ڈاکٹر سمجھ نہیں پارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع کے بھدوکھر علاقہ میں انیرودھ پور گاوں میں رہنے والے شیوندر سریواستو کے پانچ مہینے کے بیٹے کے پیٹ میں درد کی شکایت پر جانچ کی گئی تو اس کے پیٹ میں
سوئی جیسی سخت نکیلی چیز نظر آئی۔ پانچ مہینے کے معصوم بچے کے پیٹ سے دو سیرینج کی سوئیاں نکلی تھیں۔
پہلے تو انہوں نے اسے کسی نرس یا ڈاکٹر کی لاپرواہی کا معاملہ سمجھتے ہوئے اس پر پردہ ڈالنے کی کوشس کی لیکن کچھ دن بعد جب پھر سے اسی طرح کا مسئلہ پیدا ہونے پررگھروالے اسے لیکر ڈاکٹر کے پاس پہنچے تو ڈاکٹر حیران رہ گئے اور ضلع اسپتال میں علاج کے لئے بھیج دیا۔
طب دنیا کو حیران کردینے والے واقعہ کا انکشاف تب ہوا جب ضلع اسپتال کے ریڈیولوجسٹ داکٹر الطاف حسین نے سی ٹی اسکین اور ایکسرے کیا تو پتہ چلا کہ اس معصوم بچے کے جسم میں ایک دو نہیں بلکہ پوری 28سوئیاں ہیں۔ یہی نہیں ان سوئیوں کی موجودگی کے باوجود پانچ ماہ کا بچہ اپنی مستی کے ساتھ ہنس کھیل رہا ہے ۔
معصوم کے جسم میں 28سوئیاں کس طرح پہنچیں یہ راز ڈاکٹروں کی سمجھ میں نہیں آرہا لیکن وہ اسے جادو ٹونا کی کوشش سمجھ رہے ہیں۔
اس درمیان ایڈیشنل چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ایس کے چک کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کا ایک پینل بناکر اس کی جانچ کرائی جائے گی۔