نئی دہلی: سیلاب کی مصیبت سے دوچار مغربی بنگال میں راحت رسانی کے لئے فوج نے اپنی دو ٹیمیں آج روانہ کی ہیں۔ فوج کے باوثوق ذرائع کے مطابق تقریبا 120 جوانوں پر مشتمل دو ٹیموں کو مغربی بنگال کے شمال میں سیلا ب زدہ ضلع جلپائی گوڑی اور مٹیا چور کے مینا گوڑی میں بھیجا گیا ہے ۔ یہ ٹیمیں اپنے ساتھ راحتی اشیاء، کشتی اور جیکٹ وغیرہ لے گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں انفینٹری، میڈیکل انجینئر اور سگنل یونٹوں کے جوان شامل ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق مغربی بنگال کے شمالی اضلاع میں شدید بارش کے بعد تیستا ندی سے پانی چھوڑے جانے کے سبب ضلع جلپائی گوڑی میں 400 سے زیادہ لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ ضلع کے کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پہلے سے راحت رسانی مہم چلا رہی ہے ۔