گورکھپور(نامہ نگار)مغویہ لڑکی کو فروخت کرنے اوراس کی شادی کرانے کے معاملے میں گگھا پولیس نے تین افراد کوگرفتار کرنے کے بعدجیل بھیج دیا ہے جب کہ لڑکی کا طبی معائنہ کرانے کیلئے اسے ضلع اسپتال بھیج دیا گیاہے۔ اس معاملے کے اہم ملزم کملیش کی تلاش میں پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپہ مارا ۔جب کہ ہوم گارڈ کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے کے سبب اسے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے واضح رہے کہ بٹھواگائوں کے باشندے رام سوروپ کی ۱۶سالہ بیٹی جوتی کو ایک عورت نے ٹیمپوڈرائیور اوردیگر افراد کی مدد سے اغواکرلیاتھا۔
لڑکی کے والد نے گائوں کے ہری لال کی بیوی لال دئی، ٹیمپو ڈرائیورشنہشاہ ، سونو سنگھ اورکملیش کے خلاف نامزدرپورٹ درج کرائی تھی۔ گز شتہ دنوں گگھا پولیس نے اس معاملے کے ایک دیگر ملزم ہوم گارڈ پر دومن سنگھ ،ڈرائیورشہنشاہ ،لال دئی اورسونوسنگھ کو گرفتار کرلیاتھا۔پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو معلوم ہواکہ ہوم گارڈ کے بیٹے سونوکی مددسے لڑکی کواغواکیاگیاتھا۔ دوسر ے دن ہوم گارڈ کے دوسرے بڑے بیٹے کملیش سے جیوتی کی شادی کرادی گئی عورت نے شادی کرانے کے عوض میں ۲۰؍ ہزار روپئے کامطالبہ کیا تھاایس او گگھا انشومن یدوونشی نے بتایاکہ ملزمین لال دئی ، شنہشاہ اورسونوسنگھ کو عدالت میں پیش کیاگیا جہاںسے جیل بھیج دیا گیا ۔ اس معاملے کے اہم ملزم کملیش کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس سرگرمی سے کوشش کررہی ہے۔