لکھنؤ۔پیس پارٹی نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے اس بیان کو مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مظفر نگر کے کیمپوں میں متاثر پناہ گزیں نہیں ہیں بلکہ وہاں بی جے پی اور کانگریس کے ایجنٹ ہیں۔ پیس پارٹی کے ریاستی نائب صدر مولانا عبدالودود اعظمی نے ملائم سنگھ یادو کے بیان کو بیحد شرمناک اور حیرت ناک بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلکتے ، بلبلاتے اور سردی سے ٹھٹھرتے معصوم بچوں کی کہانی بہت خطرناک ہے۔ اب تک تقریباً ۳۹ بچے فوت ہو چکے ہیں اور جو زندہ ہیں وہ بلبلا رہے ہیں۔ دوسری طرف شہیدوں کی بیوائیں ماتم کنا ہیںں جبکہ اجتماعی آبروریزی کے ملزمین کھلے گھوم رہے ہیں اور ابھی تک ان کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بے گھرہوئے ہیں ان کی بازآبادکاری نہیں ہوئی ہے۔انتظامیہ اور پولیس کے ذمہ داران اگر چاہیں تو تمام پریشانیاں ختم ہو سکتی ہیں اور مسائل حل ہو سکتے ہیں۔