گورکھپور(نامہ نگار)۔سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر ڈاکٹر محسن خاں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادوکا ۷۶واں یوم پیدائش ’سمتا دیوس ‘کے طور پر منایا جائے گا ۔ اس موقع پر یوم پیدائش کی ماقبل شام سماج وادی پارٹی گورکھپور کے ذریعہ آواس وکاس کالونی بیتیا احاطہ پارک میں ضلع صدر کے ذریعہ شجرکاری کی جائے گی ۔ یوم پیدائش کی ماقبل شام ملائم سنگھ یادو کا آن لائن فوٹو البم ’’جے ملائم‘‘جس کو پارٹی کے ضلع ترجمان کالی شنکر کے ذریعہ جمع کیا گیا ہے۔ اور اس کی اشاعت ضلع نائب صدر کیرتی ندھی پانڈے نے کی ہے ۔ اس کی ر
سم اجراء ضلع صدر ڈاکٹر محسن خاں کے ذریعہ کی جائے گی ۔ ضلع پارٹی دفتر پر آتش بازی کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ جس کے بعد یتیم خانہ اور ضعیفوں کے آشرم میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ۲۲؍نومبر کو ضلع دفتر میں ۷۶کلو کا کیک کاٹ کر پارٹی کے سربراہ کا یوم پیدائش منایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ضلع اسپتال گورکھپور میں داخل مریضوں میں پھل تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ذریعہ ’کلین ، گرین اینڈ ہیلدی یوپی ‘مشن کا افتتاح ضلع اسپتال میں واقع پارکوں میں ضلع صدر شجرکاری کے ذریعہ کریں گے ۔ ضلع اسپتال میں خون عطیہ کیمپ لگایا جائے گا۔ کیمپ میں ۷۶ افراد خون کا عطیہ کریں گے ۔ ۲۲؍نومبر کو آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سمیلن میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور مختلف شعبوں کی اہم شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج بخشی پور کے میدان میں آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سمیلن کا انعقاد کیا جائے گا۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر ملک زادہ منظور اور نظامت ندیم فروخ کریں گے ۔ مشاعرہ کے مہمان خصوصی شاعر منور رانا ہوں گے ۔