لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھتیجے اور اترپردیش میں محکمہ تعمیرات کے وزیر شیو پال سنگھ یادو کے بیٹے آدتیہ کی شادی کے بعد دو اپریل کو دہلی میں منعقد ہونے والی تقریب میں کئی قدآور لیڈر شرکت کریں گے ۔گزشتہ 10 مارچ کو مسٹر یادو کے آبائی گاؤں اٹاوہ کے سیفئی اور 13 مارچ کو لکھنؤ کے جنیشور مشرا پارک میں منعقدہ تقاریب کے بعد دہلی میں بھی تقریب کے انعقاد کاسیاسی مطلب نکالا جا رہاہے ۔ دہلی میں تقریب کے انعقاد میں سماج وادی پارٹی کے سابق لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ امر سنگھ کا رول اہم تصور کیا جا رہا ہے ۔اس تقریب میں صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار، راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو، جنتا دل (یو) کے صدر شرد یادو، مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان، صنعت کار انل امبانی سمیت ملک کی کئی معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے ۔