لکھنو، (نامہ نگار)۔ ایف سی آئی میں ملازمت دلانے کے نام پر سیکڑوں بیروزگاروں سے لاکھوں روپئے کی ٹھگی کرنے والے ایک جعلساز کو پی جی آئی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
سی او کینٹ ببیتا سنگھ نے بتایا کہ امبیڈکر نگر میںرہنے والے رام دھاری یادو نے ۲۰۰۵ء میں اپنے دو ساتھیوں پی جی آئی علاقہ میں رہنے والے منوج کمار شریواستو اور گونڈہ کے رام ناتھ کے ساتھ مل کر اشتہار شائع کرایا جس میں گونڈہ ایف سی آئی میں میٹ اور لبیر کی ملازمت کی بات لکھی گئی تھی۔ اشتہار پڑھ کر سیکڑوں افراد نے ان سے رابطہ قائم کیا اس کے بعد رام دھاری یادو اور اس کے دو ساتھیوں نے ملازمت کی خواہش رکھنے والے لوگوں کو لکھنؤ بلایا۔ میٹھ کیلئے تین لاکھ روپئے اور لیبر کیلئ
ے ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔ بیروزگاروں کو جال میں پھنسانے کیلئے جعلساز ان کو علی گنج واقع ایف سی آئی کے لیبر دفتر بھی لے گئے۔ جعلسازی میں پھنس کر سیکڑوں افراد نے ان کو روپئے دے دیئے اس کے بعد رقم حاصل کر کے جعلساز غائب ہو گئے۔ رقم دینے والے لوگوں نے جب ان لوگوں سے رابطہ قائم کیا تو جعلسازوں نے ان کو ٹال دیا۔ اسی طرح ۲۰۰۵ء سے لیکر ۲۰۰۹ء کے درمیان جعلسازوں نے سیکڑوں بیروزگاروں کو اپنے جال میں پھنسایا۔ وہیں ٹھگی کا شکار ہوئے پی جی آئی کے اپیندر وکرم نے بھی جعلسازوں کو ایف سی آئی میں لیبر کی ملازمت دلانے کے نام پر ایک لاکھ روپئے دیئے تھے۔ اپیندر کو جب ملازمت اور اس کے دیئے گئے روپئے نہیں ملے تو اس نے ۲۰۱۲ء میں منوج کمار ، رام دھاری یادو اور رام ناتھ کے خلاف پی جی آئی تھانہ میں دھوکہ دہی اور جعلسازی کی رپورٹ درج کرا دی۔ اس ٹھگی کی جانچ داروغہ رائے صاحب دیویدی کو سونپی گئی۔ داروغہ رائے صاحب دیویدی نے تفتیش کے بعد جعلسازوں پر عائد الزام صحیح پائے۔ جمعرات کو اس معاملہ میں مخبر کی اطلاع پر کے کے سی چوراہے کے نزدیک سے ملزم رام دھاری یادو کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ابھی اس معاملہ میں ملزم منوج اور رام ناتھ فرار ہیں۔