انگلش فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ نوعمر طالبعلم ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
یونیسیف کے سفیر بیکہم نے تعلیم کے فروغ کے لیے طالبان کے خلاف ڈٹ جانے والی 18 سالہ طالبعلم کے ساتھ تصویر کھنچوا کر اسے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔
انہوں نے تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ میں انتہائی خوشس قسمت ہوں کہ میری ناقابل یقین اور متاثر کن ملالا کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوئی، وہ صحیح معنوں میں بہت سے لوگوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔
بیکہم کی ملالہ سے پہلی ملاقات دو سال قبل اس وقت ہوئی جب انہیں ڈیلی مرر پرائیڈ آف بریٹین ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
2012 میں طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ ملالہ ان دنوں تعلیم کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہیں اور انہوں نے اپنے گزشتہ امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چھ اے پلس اور چار اے حاصل کیے تھے۔