بریلی: مصنوعی کھویا، گھی اور پنیر کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر لگام لگانے کی کوششوں کے درمیان مٹھائیوں میں ملاوٹ کا خدشہ اور ان کے جلد خراب ہونے کے ڈر سے دیوالی پرسوکھے میوے اور چاکلیٹ کے گفٹ پیکٹ دینے کا چلن بڑھ رہا ہے ۔
اتر پردیش کے بریلی کے بازار میں اس بار دیوالی پر طرح طرح کی لذیز مٹھائیاں اور نمکین کے ساتھ بڑے سائز کے کاجو، اکبری پستا، ایرانی کھجور اور بادام دستیاب ہے جنہیں لوگ ہاتھوں ہاتھ لے رہے ہیں۔
ڈرائی فروٹس یعنی میوؤں کے تاجر سنجیو کمار نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ تہوار پر مٹھائی کے ڈبوں کی جگہ ڈرائی فروٹس کے خوبصورت پیکٹ لئے جا رہے ہیں اورخوبصورت گفٹ پیکٹوں میں خشک میوؤں کو تحفتاً دینے چلن کافی بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیوالی پر صرف بریلی میں ہی تقریباًسو کوئنٹل میوے کی کھپ ہوجا تی ہے ۔ ساتھ ہی اس تہوار کے دوران تقریبا دو کروڑ روپے کی چاکلیٹ فروخت ہونے کی توقع ہے ۔ سنجیو کے مطابق گزشتہ برسوں سے اس رجحان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔