لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مختلف مسائل کے سلسلہ میں منگل کو اترپردیش مقامی بلدیات اور صفائی ملازمین مشترکہ محاذ کے بینر تلے سیکڑوں ملازمین نے میونسپل کارپوریشن دفتر پر یک روزہ علامتی دھرنا و مظاہرہ کیا۔ دوپہر بعد پہنچے انتظامیہ کے نمائندہ کو عرضداشت دے کر علامتی دھرنا و مظاہرہ ختم ہو گیا۔ منگل کو سیکڑو ملازمین لال باغ واقع میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر پہنچے۔ مختلف اضلاع سے آئے ملازمین نے اپنے مختلف مطالبات کو لیکر اترپردیش مقامی بلدیات اور صفائی ملازمین مشترکہ محاذ کے بینر تلے یک روزہ علامتی دھرنا ومظاہرہ شروع
کر دیا۔ دھرنے پر بیٹھے ملازمین کا الزام ہے کہ مختلف مطالبات کو لیکرگزشتہ بیس اگست کو ملازمین نے پٹیل پارک پر یک روزہ علامتی دھرنا دیا تھا۔ گزشتہ ۱۵؍ستمبر ،۱۵؍اکتوبر اور ۱۵؍نومبر کو ضلع مجسٹریٹ اور منطقائی کمشنروں کو عرضداشت دے چکے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی جس کے سبب آج ملازمین کو یک روزہ علامتی دھرناو مظاہرہ کرناپڑا۔ ملازمین نے کہا کہ حکومت عرضداشت لینے کے بعد مطالبات کا کوئی تصفیہ نہیں کرتی جس کے سبب مسئلہ بنا رہتا ہے۔ دوپہر بعد انتظامیہ کے نمائندے موقع پر پہنچے۔ مظاہرین نے انہیں ۲۳ نکاتی مطالبات کی عرضداشت سونپی۔اس کے بعد ملازمین نے دھرنا و مظاہرہ ختم کر دیا۔ مظاہرہ میں محاذ کے ریاستی جنرل سکریٹری اسلم پرویز ،ریاستی کنوینر درگیش بالمیکی، ستیہ دیو شکلا، راجیو یادو سمیت درجنوں عہدیداران اور سیکڑوںملازمین موجود تھے۔