ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق وہاڑی چوک پر ہونے والے دھماکے کے باعث کم از کم 43 افراد زخمی بھی ہوئے ۔
ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے جو فارنزک رپورٹ کے بعد ہی واضح ہوسکے گی
ادھر سی پی او ملتان اظہر اکرام کے مطابق دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ اور ایک مشکوک شخص کی لاش بھی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا ایک موٹر سائیکل اور رکشے کے تصادم سے ہوا جو بظاہر موٹر سائیکل میں نصب بارود کا دھماکا لگتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سات سے آٹھ چنگچی رکشے بھی متاثر ہوئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور انھوں نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا
تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے ملتان بم دھماکے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں