نئی دہل۔؛اگلے سال کے عام انتخابات میں کانگریس کی بھاری کامیابی کی پیشن گوئی کرتے ہوئے وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ ملک میں یو پی اے ہی تیسری بار حکومت بنائے گی اور بی جے پی کا خواب کبھی بھی شر مندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ تاریخ لکھنے والے ہی یہ بتائیں گے کہ یو پی اے کا دور ملک کےلئے کس قدر بہتر تھا۔ انہوں نے بی جے پی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذہب کو بنیاد بنا کر سیاست کررہے ہیں۔ اس دورا ن وزیر اعظم نے کہا کہ کول سکینڈل کے معاملے پر وہ سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کےلئے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ ملک میں نئی حکومت یو پی اے کی ہی ہوگی اور نئی مرکزی حکومت کی قیادت کانگریس ہی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج چونکا دینے والے ہونگے اور سبھی کو یہ معلوم ہوگا کہ کانگریس ہی نئی مرکزی حکومت کی قیادت کرے گی۔
اپنے چین کے دورے کے بعدنئی دلی واپس آتے ہوئے ہوائی جہاز میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ یو پی اے حکومت کی جو عوام دوست پالیساں رہی ہیں اور جو ملک و عوام کی فلاح و بہبود کےلئے کئے جارہے ہیں اس سے ملک کے عوام مطمئن ہیں اور وہ پھر سے یو پی اے کو ہی ووٹ دیکر اقتدار میں لائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب اگلے سال انتخابات ہونگے اور اس کے بعد تنائج آئیں گے تو سبھی یہ دیکھر کر حیران ہونگے کہ یو پی اے کو بھاری کامیابی ملے گی اور لگاتار کانگریس کی سربراہی میں یو پی اے ہی ملک میں تیسری بار حکومت قائم کرے گی۔
انہوں نے اپوزیشن بی جے پی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کے پاس کوئی بھی پالیسی نہیں ہے اور یہ جماعت مذہب کے نام پر سیاست کررہی ہے۔ ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ وہ اپنا فرض نبھارہے ہیں اور ان کی جو زمہ داریاں ہیں وہ ان کو ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال2014کے جب انتخابی نتائج ظاہر ہونگے تو سب حیرت میں پڑھیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے تاریخ دان ہی یہ فیصلہ کریں گے کہ یو پی اے حکومت کا دور کس قدر بہتر تھا۔