نئی دہلی ۔ 17 اکتوبر (یو این آئی) نوبل انعام یافتہ معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر امرتیہ سین کا کہنا ہے کہ ملک میں صحت خدمات کی حالت نہایت خراب ہے کیونکہ اس شعبہ کو بہت زیادہ نظرانداز کیا گیا ہے اور حکومت بھی اس پر بہت کم پیسے خرچ کرتی ہے۔بھارت رتن اعزازسے نوازے گئے ڈاکٹر سین نے گزشتہ شام یہاں نالندہ بین الاقوامی یونیورسٹی کی اہمیت پر منعقدہ اپنے لیکچر میں یہ بات کہی۔ وہ اس یونیورسٹی کے چانسلر ہیں
۔ یونیورسٹی نے نالندہ لیکچر کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت ڈاکٹر سین نے کل پہلا لیکچر دیا۔ڈاکٹر سین نے کہاکہ ہندوستان صحت خدمات پر مجموعی گھریلو پیداوار کا محض ایک فیصد خرچ کرتا ہے جبکہ چین تین فیصد خرچ کرتا ہے اور دنیا کا اوسط اس سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت صحت خدمات سے جڑی ہوتی ہے اور ورلڈ بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی ترقی پذیر ممالک میں صحت خدمات پر توجہ نہ دیکر صرف ترقی پر توجہ مرکوز رکھی۔