کانگریس ہیڈکوارٹرمیں منائی گئی جینتی تقریب
لکھنو:ملک میں چند فرقہ پرست طاقتیں ملک کے تانے بانے کو برباد کرنا چاہتی ہیں۔ کانگریس کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ ان فرقہ پرست طاقتوں کے منصوبوںکو ناکام بنائیں۔ یہی شہید بھگت سنگھ کیلئے سچا خراج عقیدت ہوگا۔ یہ بات ریاستی کانگریس کمیٹی کے کمیونی کیشن محکمہ کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی نے کہی۔ وہ دو شنبہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں امر شہید سردار بھگت سنگھ کی جینتی پر منعقد پروگرام کو خطاب کر رہے تھے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر ترپاٹھی نے بھگت سنگھ کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سردار بھگت سنگھ آزادی کی لڑائی میں آگے کی صف میں تھے، انہوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے خازن ہریش باجپئی نے کہاکہ سردار بھگت سنگھ نے بچپن سے ہی آزادی کی تحریک میں اہم کارنامہ انجام دیا۔ بھگت سنگھ نے آزادی کی تحریک میں اپنی جان کی قربانی دے دی۔ انہوں نے کانگریسیوں سے شہید بھگت سنگھ کے آدرشوں پر چلنے کی اپیل کی۔ پروگرام کی نظامت ریاستی خازن ہریش باجپئی نے کی۔اس سے قبل کانگریسیوں نے بھگت سنگھ کی تصویر پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام میں شیام کشور شکلا، انوسوئیا شرما، وریندر مدان، سبودھ شریواستو، ونود مشرا، عرشی رضا، نسیم خان، مہدی حسن اور رضوانہ سمیت دیگر کانگریسی موجود تھے۔
دوسری جانب چندر شیکھر آزاد بریگیڈ سوسائٹی نے سردار بھگت سنگھ کی ۱۰۹ویں جینتی کو دھوم دھام سے منایا۔اس موقع پر سوسائٹی کے اراکین نے شہید اسمارک پر ہون کا اہتمام کیا۔ سوسائٹی کی صدر کسم ساہونے کہاکہ بھگت سنگھ کے پیدا ہوتے ہی آزادی کی شروعات ہوئی تھی۔ ان کے والد اور ان کے دو چچا جو انگریزوں کی مخالفت کرنے کے سبب جیل میں بند تھے انہیں رہائی مل گئی تھی۔ بھگت سنگھ نے ملک کو آزاد کرانے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا۔ اس موقع پر کلب کے صدر رنویر سنگھ کلسی نے سول اسپتال کے جنرل وارڈ میں غریب مریضوں کو پھل تقسیم کیا۔ پھل تقسیم کا فائدہ مریضوں کے ساتھ آئے تیماردارروں نے بھی اٹھایا۔