شاہ جہاں پور ۔ قومی اتحاد ہفتہ کے تحت اور ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق ضلع میں قومی یوم اتحاد ضلع کے تمام دفاتر میں منایاگیا ضلع مجسٹریٹ راج منی یادو کی صدارت میں کلکٹریٹ جلسہ گاہ میں قومی اتحاد کو قائم رکھنے کا حلف دلایا گیا ۔
اس موقع پر اے ڈی ایم کے کے شریواستو ، سٹی مجسٹریٹ سیتارام گپتا ،ایس ڈی صدر جے ناتھ یادو ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کے این چودھری سمیت مختلف محکموں کے تمام افسران،ملازمین نے قومی اتحاد کا حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹر یٹ رام منی یادو نے کہا کہ ہندوستان مختلف تہذیبوں کا ملک ہے اور یہاں کے لوگ ہمیشہ سے مل جل کر رہتے آئے ہیں اور مستقبل میںبھی مل جل کر رہیں گے۔ انہون نے کہا کہ ملک کی آزادی اور اتحاد قائم رکھنے اور اسے مضبوط کرنے کے لئے تمام لوگوں کو مل جل کر کوشش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح سے تشدد کا سہارا نہ لیں اور مذہب ، زبان اور علاقائی امتیاز اور تنازعات کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حل کریں قومی اتحاد ہفتہ کے موقع پر ضلع اطلاعات دفتر کے ذریعہ وکاس بھون جلسہ گاہ میں منعقد مذاکرہ کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آفتاب اختر نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے قومی اتحاد کا گواہ رہاہے۔ منریگا سیل کے اسسٹنٹ کمشنر متھلیش کمار تیواری نے کہا کہ مثبت اور منفی طاقتوں کے خیالات میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے ۔ مثبت فکر رکھنے والے لوگ کبھی تشدد کا سہارانہیں لیتے جبکہ منفی فکر ہمیشہ برے کاموں کی جانب لوگوں کو راغب کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہاہ جہاں پور ہمیشہ مشترکہ روایات اور وراثت کاگواہ رہاہے اس لئے یہاں پر کبھی بھی اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں رہا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قومی اتحاد کو قائم رکھنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے شہاہ جہاں پور قومی اتحاد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پنڈت رام پرساد بسمل اور امر شہید ، اشفاق اللہ خاں نے جو اتحاد کی مثال قائم کی ہے اس پر ہمیں عمل پیرا ہونا چاہئے ۔ اجے کمار شرما نے کہا کہ کچھ فرقہ پرست اور غیرسماجی عناصر ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ ناکام رہتے ہیں اسلئے ہمیں ایسے عناصر کے منصوبوں کو کبھی کبھی کامیاب نہیں ہونے دینا چاہئے ۔ قومی اتحاد ہفتہ کے سلسلہ میں معلومات فراہم کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات کے سرپرست مہندر کمار یادو نے بتایا کہ قومی اتحاد ہفتہ ۱۹ نومبر ۲۵نومبر تک مختلف تاریخوں میں منایا جائے گا۔
۲۰نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کا انعقاد کیا جائے گا۔