لکھنو۔(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے خواتین کا طاقت ور اور خوشحال ہونا ضروری ہے اسے دھیان میں رکھ سماج وادی حکومت خواتین کے مفاد اور بہبودی کے لئے مختلف اسکیمیں چلارہی ہے۔ انہوںنے انسانوں کی اسمگنگ کو سماج کے لئے ایک لعنت بتاتے ہوئے اس کے خلاف متحد ہوکر کارروائی کئے جانے پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ آج یہاں ہوٹل تاج میں ایک اخبار کی جانب سے منعقد ایچ ٹی وومن ایوارڈ ۲۰۱۵ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی اپنے خیالات ظاہر کررہے تھے۔
مسٹر یادونے مختلف شعبوں میں قابل ذکر فراہمی حاصل کرنے والی دس خواتین کو سرفراز کیا۔اعزار سے سرفراز ہونے والی خواتی
ن میں مادھری سنگھ ، انوجا دیوی ، ناہید عقیل ، پوجا اگروال ، ڈاکٹر کرشنا مکھرجی ، سنجوگ شرما، زینب ، پارل ورما، مادھری شرما اور ندیٰ رضوی شامل ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ تمام شعبوں میںشاندار مظاہرہ کرکے خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہےں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنے جوہر کو نکھارنے کے لئے مناسب موقع اور حوصلہ مہیا کرایا جائے۔
انسانوں کی اسمگلنگ کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ جرم کسی ملک یا ریاست تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ اس نمٹنے کے لئے حکومت اور قانون اپنے دائرے میں کام کررہا ہے۔ لیکن اس کا اثر تبھی ممکن ہے جب سماج کا ہر بیدار شہری اس کے خلاف اپنے آواز بلند کرے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے رانی لکشمی بائی مہیلا سمان فنڈ قائم کیا ہے۔ خوف ناک جرائم سے متاثرہ خواتین اور لڑکیوں کو اس فنڈ کے ذریعہ مالی معاوضہ اور مفت علاج دینے کا بندوبست ہے۔ موجودہ بجٹ میں فنڈ کے لئے ریاستی حکومت نے ۱۰۰کروڑ روپئے کا بندوبست کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چالیس خواتین لڑکیوں کو قابل ذکر کام اور بہادری کے لئے رانی لکشمی بائی بہادری انعام دیا جاتاہے ۔ تیزاب حملے کی شکار ہوئی ہر خاتون کو ریاستی حکومت تین لاکھ روپئے کی مالی امداد دیتی ہے۔ یہ بھی فیصلہ لیا کہ متاثرہ خواتین کا سرکاری یا نجی اسپتال میں علاج کے اخراجات کو ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے انسانوں کی اسمگلنگ کو خطرناک جرم بتاتے ہوئے کہا کہ سبھی کی مشترکہ کوششوں سے اس مسئلے سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوںنے اس کے لئے سماج میں بیداری پیدا کئے جانے پر بھی زور دیا۔ فلمی اداکارہ پوجا بھٹ نے کہا کہ ظلم کے خلاف خواتین کو اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔ خاموش رہ کر ظلم برداشت کرنے سے استحصال میں اضافہ ہوتا ہے ۔
اس لئے لڑکیوں کو اپنی بات کہنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ انہوںنے جنس پر مبنی تفریق کو دور کئے جانے کی وکالت کی۔ پوجا بھٹ نے ریاست میں ۱۰۹۰ وومن پاور لائن کی شروعات کرانے کے لئے وزیر اعلیٰ کی ستائش کی۔ اداکار سشانت سنگھ نے کہا کہ ضروری بیداری برت کر تمام جرائم کا شکار ہونے سے بچاجاسکتاہے ۔ پروگرام میں اخبار کی سینئر ریزیڈنٹ ایڈیٹر سنیتا ایرن نے اپنے خیالات ظاہر کئے۔ سوریہ موہن پل شریسٹھ کی ہدایت میں انسانوں کی اسمگلنگ پر مبنی مختصر ناٹک کی بھی تشہیر کی گئی۔ جس میں مردلا بھاردواج اور ممتا پنڈت نے اداکاری کی۔ اوشا گپتا اور سیما پٹیل نے کجری لوک گیت پیش کیا۔