کولکاتا(وارتا) بڑے آلات بنانے والی ملک کی سب سے پرانی انجینئر نگ کمپنی رویا گروپ کی جے سپ اینڈ کمپنی نے غیر معینہ مدت کی بندی کا اعلان کیا ہے۔ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ کے دم دم علاقہ میں جیسور روڈ واقع جے سپ کا قیام ۱۷۸۸ء میں برین اینڈ کمپنی کے نام سے ہوا تھا۔ ۱۸۲۰ء میں جے سپ بھائیوں کی جانب سے تحویل میں لینے کے بعد اس کانام جے سپ اینڈ کمپنی ہوگیا۔ کمپنی کی مالی حالت گذشتہ کچھ برسوں سے ٹھیک نہیں چل رہی تھی اور اسی لئے حکومت نے ۲۰۰۳ء میں ڈن لپ انڈیا اور فالکن ٹائیرس جیسی کمپنیوں کے گروپ رویا گروپ کو فروخت کردیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود کمپنی کے حالات میں اصلاح نہیں ہوئی گذشتہ کچھ مہینوں سے یہاں ملازمین کو تنخواہ نہیں مل رہی تھی آج صبح جب ملازمین کا م پر پہنچے تو کمپنی کا گیٹ بند تھا اور غیر معینہ مدت کی بندی کا نوٹس چسپا ںتھا۔ بغیر کسی قبل اطلاع کے کمپنی بند کردینے سے ملازمین میں بے حد غصہ اور ناراضگی ہے انہوںنے جیسور روڈ پر ہنگامہ کرتے ہوئے سڑک جام کردی بعد میں پولیس کی مدد سے مظاہرہ ختم کرایاگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اچانک کئے گئے فیصلے سے تقریباً چھ سو ملازمین بے روزگار ہوگئے ہیں۔