لکھنؤ: اترپردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر ملائم سنگھ یادو نے ملک کے اندرونی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ انہیں مزید بہتر بنانے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا پڑے گا۔مسٹر یادو نے آج یہاں ریاست کے اعلی ترین شہری ایوارڈ یشبھارتی اعزاز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندرونی حالات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا پڑے گا۔ کسانوں کے مفادات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ان کے لئے مزیدبہتر منصوبے بنانے ہوں گے ۔یشبھارتی اعزاز شروع کرنے سے قبل وہ اپنے وزیراعلی کے دور میں عظیم مصنف منشی پریم چندر کے گاؤں گئے تھے ۔ان کے گھر کے حالات کو دیکھنے سے اچانک ان کے دل میں جذہ پیدا ہوا کہ اتر پردیش کا وقار بڑھانے والے لوگوں کو اعزاز سے نوازا جانا چاہئے اور یشبھارتی ایوارڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انعامات سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب ملتی ہے ۔عظیم شخصیتوں کو اعزاز سے نوازنا فخر کی بات ہے ۔ ایس پی ہر طبقہ کا خیال رکھتی ہے اسی لئے یشبھارتی کے تحت گلوکاروں، ادیبوں اور صحافیوں کا اعزاز سے نوازا گیا۔