نئي دہلی: وزیر خزانہ ارون جیٹلی، ان کے کابینہ رفیق روی شنکر پرساد اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو ہندوستان کے سرفہرست 100 قانونی مشاہیر ہستیوں میں جگہ دی گئی ہے ۔ان کے علاوہ، راجیہ سبھا میں کانگریس کے ممبر ابھیشیک منو سنگھوی، کپّل سبل، راجیہ سبھا کے نامزد رکن کے ٹی ایس تلسی، سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید اور سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی سمیت دیگر سیاسی لیڈروں کو ملک کی سر فہر ست قانونی ہستیوں کی فہرست میں شمار کیا گیا ہے ۔ مذکورہ 100 قانونی مشاہیر ہستیوں کے پروفائل کو جس میں بنیادی طورپر عدلیہ میں ان کی خدمات شامل ہیں، ایک کتابچہ میں یکجا کیا گیا ہے ، جو رواں ماہ کے آخر میں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو پیش کی جائے گی۔ کتابچہ کے پبلشر نے اپنی تمہیدی نوٹ میں کہا ہے کہ ” 100 عظیم قانونی ہستیوں (مرد و خواتین) کو ہجائي ترتیب سے اس کتابچہ میں شمار کیا گیا ہے ، جنہوں نے سرکردہ وکیل، ملک کی سر فہرست لاء فرم کے سربراہ، پیشہ ور وکیل یا قانون کے اساتذہ کی حیثیت سے آرام دہ یا مختصر راستہ اپنانے کے بجائے اہداف متعین کرکے اور طویل راستہ طے کرکے کامیابیوں کی چوٹیاں طے کی ہیں”۔ اس فہرست میں ممتاز وکلاء جیسے فالی ایس نریمن، اشوک ڈیسائی، گوپال سبرامنیم، اندرا جے سنگھ اور دشینت ڈوے کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کتابچہ میں 100 عظیم قانونی ہستیوں کی زندگیوں کی مختصر جھلکیاں اہل خانہ کی تصاویر کے ساتھ پیش کی گئی ہیں۔