ممبئی: امریکہ میں فی الحال سود کی شرح نہ بڑھنے سے حوصلہ پاکر سرمایہ کاروں کی چوطرفہ خرید سے آج ابتدائی کاروبار میں بی ایس ای کے سینسکس نے ۴۷۰ پوائنٹ اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی نے ۱۴۳ پوائنٹ کی چھلانگ لگائی۔ ابتدائی کاروبار میں منفی انداز میں کھلنے کے کچھ ہی دیر بعد ہی بی ایس ای کا ۳۰ شیئروں والا اشاریہ سینسکس ۴۶۹اعشاریہ ۹۹ پوائنٹ کی اچھال کے ساتھ دوپہر سے قبل ہی ۲۶ ہزار پوائنٹ کی سطح کے پار ۲۶۴۳۳اعشاریہ ۹۶ پوائنٹ تک اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی ۱۴۳ اعشاریہ ۳۵پوائنٹ کی مضبوطی کے ساتھ ۷۸۰۰ پوائنٹ کے اوپر ۷۸۹۹ اعشاریہ۱۵پوائنٹ تک پہنچ گیا۔امریکی فیڈرل ریزرو نے جمعرات کو ختم ہوئی دو رووزہ میٹنگ کے بعد عالمی مالی پالیسی سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پیدا ہوئی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ابھی سود کی شرحوںمیں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حالانکہ اس نے اس سال کے اواخر سے پہلے سود شرحوں میں اضافہ کی شروعات سے اب بھی انکار نہیں کیا۔