ممبئی : ممبئی میں مانسون داخل ہوتے ہی گرمی اور رطوبت سے پریشان حال عوام کو راحت محسوس ہوگئی جب کہ کل رات اور آج صبح یہاں زور دار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم محکمہ موسمیات نے یہ پیش قیاسی کی ہے کہ چار پانچ دن کے بعد ہی شہر میں باقاعدہ بارش شروع ہوگی ممبئی ریجنل میٹرو لوجیکل سنٹر کے ڈائرکٹر جنرل وی کے راجیش نے بتایا کہ موسم برسات کی پہلی بارش سے گرما کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور آج شام تک اعظم ترین درجہ حرارت بھی گھٹ جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے جنوبی علاقہ میں 24.4 ملی میٹر اور ممبئی کے مضافات میں 82.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ قلابہ جنوبی ممبئی میں اعظم ترین درجہ حرارت 32.8 ڈگری ، سانتا کروز میں 35 ڈگری رہا۔ دریں اثناء میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ مخدوش علاقوں میں زور دار بارش سے پانی جمع ہونے اور ٹریفک مسدود ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔۔